نئی دہلی یکم اپریل ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )ریزور بینک کے اعلامیے کے مطابق اس نے پنجاب نیشنل بینک گھوٹالہ معاملہ میں چھان بین مکمل کر لی ہے اورمزید تحقیق و تفتیش کے لیے کارو ائی کی جا رہی ہے۔ قریب 13 ہزار کروڑ روپے کے اس گھوٹالے کی جانچ مختلف ایجنسیاں کر رہی ہیں۔ حق اطلاعات کے تحت دائر کیے گئے ایک درخواست کے جواب میں ریزرو بینک نے کہا انتظامی امور سمیت منسلک مختلف مسائل پر ضروری ہدایات جاری کرتا رہا ہے ۔ پی این بی گھوٹالے کی معلومات ملنے کے بعد اٹھائے گئے قدم اور مستقبل میں ایسے واقعات کے تکرار روکنے سے متعلق اقدامات کے متعلق پوچھے جانے پر ریزرو بینک نے کہا کہ عوامی اور نجی بینکوں کو 20 فروری کو ایک خفیہ سرکلر جاری کیا گیا تھا۔ آر ٹی آئی درخواست کے جواب میں ریزرو بینک نے کہاکہ چھان بین مکمل کی جا چکی ہے اور آگے کی کارروائی کے لیے معاملے پر غور کیا جا رہا ہے۔اگرچہ ریزرو بینک نے 20 فروری کو جاری سرکلر مزید معلومات دینے سے انکار کر دیا۔ اس نے کہا کہ اس کے انکشاف سے ملک کے اقتصادی مفادات متاثر ہو سکتے ہیں۔ ریزرو بینک نے کہا کہ پی این بی نے سب سے پہلے 29 جنوری کو ممبئی کی براڈی ہاؤس شاخ میں 280 کروڑ روپے کے گھوٹالے کی اطلاع دی تھی۔ اس کی اطلاع کے بعد مختلف تاریخوں پر نظر ثانی کی گئی، تاہم مرکزی بینک نے اسکینڈل کے سلسلے میں پی این بی سے ملی معلومات کی بھی تفصیلی معلومات دینے سے انکار کر دیا۔ اس نے کہا کہ مختلف جانچ ایجنسیوں کی طرف سے درج کی جارہی انکوائری اور تیسری پارٹی کے ملوث ہونے کی وجہ سے اس کا انکشاف نہیں کیا جا سکتا ہے ۔